لندن26مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ایک جدیدتحقیقی مطالعے نے انکشاف کیا ہے کہ ٹوئیٹر پر آپ کے اکاؤنٹ کے لیے بعض سرگرمیاں مثلا "لائک"، "ری ٹوئیٹ یافالوہوسکتاہے کہ کسی انسان کی جانب سے نہ ہو۔ برطانوی اخبار " ڈیلی میل" کے مطابق محققین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ٹوئیٹر پر مجموعی طورپر31.9 کروڑ صارفین سر گرم ہیں جن میں سے 15% یعنی کہ 4.8 کروڑ کے قریب درحقیقت Bot اکاؤنٹس (کمپیوٹر پروگرام) ہیں۔سدرن کیلیفورنیا یونی ورسٹی میں کچھ عرصہ قبل ٹوئیٹر کے حوالے سے کی جانے والی اس تحقیق میں "بوٹ" کے ذریعے چلائے جانے والے اکاؤنٹس کا کھوج لگانے کے لیے 6 اقسام کے 1150 فیچروں کو استعمال میں لایاگیا۔بعض ذرائع نے ڈیلی میل کو بتایا کہ " اگرچہ بالعموم بوٹ اکاؤنٹ کے منفی مفاہیم ہوتے ہیں تاہم کئی "بوٹ" بہت مفید بھی ثابت ہوتے ہیں۔ مثلا جو خودکار طریقے سے لوگوں کو قدرتی آفات (سیلاب، زلزلے، سونامی وغیرہ) سے آگاہ کرتے ہیں یا پھر جو کسٹمر سروسز کے نقطہ نظر سے سرگرم رہتے ہیں "۔محققین نے یہ بھی بتایا کہ یہ "بوٹ" اکاؤنٹ کس طرح بعض اہم کام انجام دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ " بہت سے سماجی "بوٹس" مفید سرگرمیاں انجام دیتے ہیں جن میں خبریں پہنچانا اور رضاکارانہ خدمات کے سلسلے میں باہمی تعاون شامل ہے۔اس کے علاوہ تحقیقی ٹیم کے سامنے یہ بات بھی آئی کہ بعض کمپیوٹر پروگراموں میں صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ "انسانی روپ دھار کر فرضی عوامی سیاسی حمایت کو جنم دے لیں، دہشت گردی کے پروپیگنڈے اور اس کے لیے بھرتی کو سپورٹ کریں، اسٹاک مارکیٹ میں ساز باز کر لیں اور ان سب کے علاوہ افوہوں اور سازشی نظریات کا بازار گرم کر لیں۔محققین نے اپنے نظام کو استعمال کرتے ہوئے ٹوئیٹر پر 1.4 کروڑ "بوٹ" اکاؤنٹس کی شناخت کر لی۔تحقیقی مطالعے کے نتائج کے ذریعے ٹیم نے انکشاف کیا کہ "بوٹ" اکاؤنٹس کی جانب سے مختلف نوعیت کے برتاؤ سامنے آئے۔مطالعے کے نتائج کے مطابق سادہ نوعیت کے "بوٹ" ایک دوسرے کو ری ٹوئیٹ کرتے ہیں اور اکثر بناوٹی "بوٹ" کی جانب اشارہ بھی کرتے ہیں۔ تاہم خاص نوعیت کے "بوٹ" ری ٹوئیٹ کرتے ہیں تاہم وہ حقیقی افراد کی نشان دہی نہیں کرتے۔یہ ممکنہ طور پر انسانوں کے ساتھ معنویت کے حامل تبادلوں کی قدرت نہیں رکھتے۔اگرچہ حقیقی انسان بھی اپنے طور پر "بوٹس" کو ری ٹوئیٹ کر دیتے ہیں اس لیے کہ وہ دل چسپ مواد بھی جاری کر رہے ہوتے ہیں اورانہیں براہ راست "بوٹس" کی نشان دہی میں کوئی دل چسپی نہیں ہوتی۔